دل کی تقلید کروں یا نہ کروں
کہیے ! تنقید کروں یا نہ کروں
اپنی آنکھوں کو تمھاری خاطر
مثل خورشید کروں یا نہ کروں؟
تیری خاطر یہ عجب سی صورت
قابل دید کروں یا نہ کروں ؟
تو نے محفل میں حقیقت کہہ دی
بول ! تائید کروں یا نہ کروں
سوچتا ہوں یہی جان جاناں
بن ترے عید کروں یا نہ کروں
فیصلہ میرے مخالف جو ہوا
اس کی تردید کروں یا نہ کروں
خونچکاں ہے جو کہانی، اس کو
نذر تسوید کروں یا نہ کروں
لفظ بیعت کو سمجھنے کے لیے
بولیں! تجدید کروں یا نہ کروں
ساتھ رہتے ہوئے ہونٹوں سے ادا
لفظ تجرید کروں یا نہ کروں
ہمنوا ساتھ ہیں پھر بھی فارِح
ترک تفرید کروں یا نہ کروں؟
دل کی تقلید کروں یا نہ کروں
کہیے ! تنقید کروں یا نہ کروں
تنہائیوں میں بیٹھ کے کہنے غزل گیا
This Post Has One Comment
عمدہ کلام