جس کو سرکار کے روضے کی زیارت ہوگی

نعت رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم

جس کو سرکار کے روضے کی زیارت ہوگی
اس پہ واجب مرے آقا کی شفاعت ہوگی

رنج و غم پاس نہ آئیں گے نہ غربت ہوگی
گھر میں قرآن کی گر روز تلاوت ہوگی

جس کے دل میں شہ کونین کی الفت ہوگی
جانے کس اوج پہ اس شخص کی قسمت ہوگی

ہر جگہ ہر گھڑی اس کے لیے راحت ہوگی
ذکر سرور کی جسے ہر گھڑی عادت ہوگی

الفت شاہ مدینہ میں پڑھا کر قرآں
"نعت کی نعت عبادت کی عبادت ہوگی”

وقت آخر ہے مگن اس لیے ان کا عاشق
قبر میں سید والا کی زیارت ہوگی

روز محشر وہ جھنم کا بنے گا ایندھن
جس کو سلطان مدینہ سے عداوت ہوگی

جھولیاں شاہوں کی بھر دیتا ہے جب ان کا گدا
سوچو کیسی شہ والا کی سخاوت ہوگی

دہر کے پھول کی رنگت اسے کیا بھائے گی
خار طیبہ سے جسے سچی محبت ہوگی

شان سرکار میں گستاخیاں جو کرتی ہے
دیکھنا حشر میں رسوا وہ جماعت ہوگی

رب سلم کی صدا ہوگی لب اقدس پر
پل پہ جب حشر میں سرکار کی امت ہوگی

ہم حسینی ہیں حفاظت کے لیے نکلیں گے
جب بھی خطرے میں شہ دیں کی شریعت ہوگی

گنگنائےگا تو جب عشق نبی میں نعتیں
شہد کے جیسی ترے لب پہ حلاوت ہوگی

خوب برسے گی وہاں جھوم کے رحمت رب کی
جس جگہ صاحب قرآن کی مدحت ہوگی

نعت پڑھتا ہوا جائے گا در آقا پر
شان کو جب کبھی جانے کی اجازت ہوگی

از۔
معراج الدین شان صدیقی
سہکرا، ڈومریا گنج، سدھارتھ نگر

Share this on

آرکائیوز

متعلقہ اشاعت

جواب دیں