خودکشی مت کرو
فصل غم میں بھی ہنستے ہنساتے رہو خودکشی مت کرو
بھیگی آنکھوں سے بھی مسکراتے رہو خودکشی مت کرو
جیسے حالات ہوں زندہ رہنے کی کوشش کرو دوستو
دشت زاروں میں بھی گل کھلاتے رہو خودکشی مت کرو
ساتھ مشکل کے آسانی ہے تم خدا پر بھروسہ رکھو
سامنے اس کے تم گڑگڑاتے رہو خودکشی مت کرو
غم کے سہنے میں بھی لطف رکھا ہوا ہے خدا نے بہت
زخم کھاتے رہو غم اٹھاتے رہو خودکشی مت کرو
جو تمھیں دیکھ کر جی رہے ہیں صفی ان کی خاطر جیو
رنج اک دوسرے کا بٹاتے رہو خودکشی مت کرو
از:صغیر صفی