منائیں عید سب مل کر مرے سرکار آئے ہیں
خُدائی جن کے قبضے میں ہے وہ مختار آئے ہیں
ہوئی جب ان کی آمد دہر سارا ہوگیا روشن
وہ بن کر دو جہاں میں مطلع انوار آئے ہیں
برائے تہنیت روح الامیں لے کر فرشتوں کو
جناب آمنہ بی آپ کے دربار آئے ہیں
ولادت جب ہوئی ان کی تو بُت سب گِر پڑے فوراً
گواہی دینے حق کی سید ابرار آئے ہیں
ہوئے جب منتخب آقا حلیمہ فخر سے بولیں
نہ کیوں مسرور ہوں حصے میں جب غمخوار آئے ہیں
بنائیں وہ مری تقدیر تو اس میں تعجب کیا
بنانے مصطفیٰ لکڑی کو بھی تلوار آئے ہیں
دُہائی جب بھی دی حسنینؔ نے ان کو مصیبت میں
تو پل میں بیڑا کرنے وہ ہمارا پار آئے ہیں
(منائیں عید سب مل کر مرے سرکار آئے ہیں)
(خُدائی جن کے قبضے میں ہے وہ مختار آئے ہیں)
از:- حسنین رضا قادری بلرامپوری
This Post Has One Comment
Pingback: گلی گلی سجائیے مرے حضور آئے ہیں - Global Urdu