مرے نبی سا نہیں کوئی کائنات میں ہے

مرے نبی سا نہیں کوئی کائنات میں ہے
انہیں کے نام کا چرچا تو شش جہات میں ہے

حریم دل میں ہے پنہاں رسول پاک کا عشق
دیار شاہ مدینہ ﷺتصورات میں ہے

تمام عمر کرو تم رسول کی مدحت
کہ ذکر سرور عالمﷺ لوازمات میں ہے

نظر کرم کی ہو آقاﷺ گناہ گاروں پر
حضور دیکھیے امت یہ مشکلات میں ہے

در حضورﷺپہ جاؤ تو یہ خیال رہے
رسول پاکﷺ کی تعظیم واجبات میں ہے

خدائے پاک نے ان کو بنایا ہے محمود
ہر ایک وصف حمیدہ نبی کی ذات میں ہے

غلام شاہ مدینہ فلاح پاتا ہے
"یہ بات برسوں سے میرے مشاہدات میں ہے”

مجھے ہو ناز مقدر پہ کیوں نہ اے وؔافی
نبی پاکﷺ کی مدحت مری حیات میں ہے

غلام محی الدین وؔافی شیوہر بہار انڈیا

 

Share this on

آرکائیوز

متعلقہ اشاعت

جواب دیں