نظر لکھنوی كا تعارف
نام: سیارام سریواستوا
تخلص: نظر لکھنوی
تاریخ ولادت: 22 جولائی 1928
جائےولادت: لکھنؤ، اتر پردیش، بھارت
نظر لکھنوی نے ابتدائی اور اعلی تعلیم لکھنؤ ہی میں حاصل کی اور ریلوے میں ملازم ہوئے۔
نظر لکھنوی نے شاعری کا شوق وراثتاً میں پایا تھا۔ آپ کے والد لالہ راج بہاری لال سریواستوا تو اچھے شاعر تھے ہی، آپ کے بڑے بھائی ہری رام سریواستوا بھی بہترین شاعر تھے۔
نظر لکھنوی نے حضرت تقدیر لکھنوی کو اپنا استاد چنا اور پھر کلاسیکی شاعری میں بلند مقام حاصل کیا۔
نظر لکھنوی نے نعت جیسی نازک صنف میں بھی طبع آزمائی کی اور عشق و محبت کے دریا میں ڈوب کر حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں منظوم نذرانے پیش فرمائے۔
نمونہ کلام:
لہرا کے گھٹا آئی گل باده بہ جام آے
کوثر کی فضاؤں سے ساقی کا پیام آے
اشعار لکھوں ایسے میں مدح محمد میں
قرطاس پہ خامے کو انداز خرام آے
یہ حکم مشیت ہے صف بستہ رہیں قدسی
جب بزم میں تاروں کی وہ ماہ تمام آے
وہ بت کدۂ آذر بن جائے نہ کیوں کعبہ
جس دل میں محبت ہو جو دل ترے کام آے
افلاک کی راہوں سے گزرے ہیں محمد جب
خاموش فضاؤں سے تاروں کے سلام آے
دل نذر کروں میں بھی ایمان محبت میں
مجھ کو بھی تمنا ہے جلوہ گہِ عام آے
دیباچۂ مستی میں عنواں ہو نظر یہ بھی
اس نعت محمد میں میرا کہیں نام آے
(نظر لکھنوی كا تعارف)