سیرتِ سرکار کا ہر رنگِ تاباں نعت ہے
نعت ہے نورِ ادب، جانِ سخن، روحِ ثنا
نعت ہے فیضِ خداوندی، محبت کی ادا
نعت ہے طرزِ جنوں اور عشق کا عنوان بھی
نعت ہے دل کا سکوں، ایمان کی پہچان بھی
نعت ہے انوارِ رحمت میں نہانے کا طریق
نعت ہے محبوبِ داور کو منانے کا طریق
نعت گوئی ہے خدا کے نور کی منظر کشی
نعت گوئی دور کرتی ہے ہر اک تیرہ شبی
نعت گوئی ہے قلم کا ایک اچھا سا ریاض
نعت گوئی نے منور کی ہے ہر شعری بیاض
کائناتی حسن کا ہر عکسِ مدحت نعت ہے
کہکشاں کی نور باری اور نکہت نعت ہے
ہر خیالِ ذات، ہر احساسِ جاناں نعت ہے
سیرتِ سرکار کا ہر رنگِ تاباں نعت ہے
نعت بحرِ عشق میں غوطہ زنی کا شغل ہے
نعت کردارِ نبی کی آگہی کا شغل ہے
نعت راہِ حق پہ چلنے کی ادائے دل نواز
نعت الفاظ و معانی کے تقدس کی نماز
نعت بزمِ عشق میں جلوہ نمائی کا نظام
نعت اخلاق و شرافت کی کمائی کا نظام
نعت ہے لفظوں کے موتی کا کمالِ انتظام
نعت ہے بزمِ محبت میں ادب کا خوش خرام
نعت ہے دل کی زمیں پر خوش ادائی کا جمال
نعت ہے روئے ادب پر چاندنی کا اک ہلال
ان کی ہر تازہ تریں پیکر تراشی نعت ہے
معنیِ توصیف کی رنگیں لباسی نعت ہے
آیتِ قرآن کی سچی وضاحت نعت ہے
ان کا اندازِ بیاں، طرزِ عبادت نعت ہے
ان کی صبح و شام، کھانا، پینا، سونا نعت ہے
نور پیکر کا زمیں پر آ کے رہنا نعت ہے
ان کی انگشتِ مبارک کا اشارہ نعت ہے
چاند سے تفریح کرنے کا سلیقہ نعت ہے
جانور سے بات کرنا، مسکرانا نعت ہے
پتھروں کا جھوم کر نغمہ سنانا نعت ہے
ڈوبے سورج کو اچانک سے بُلانا نعت ہے
مردہ بچوں کو اشاروں میں جِلانا نعت ہے
تلخ پانی کو مزاجِ شِیر دینا نعت ہے
ٹوٹی ہڈی جوڑ دینا، رحم کرنا نعت ہے
قل ھو اللہُ احد کی ہر قراءت نعت ہے
کلمہِ اسلام کا ہر شورِ عزت نعت ہے
مصطفیٰ کا مسجدِ اقصیٰ میں جانا نعت ہے
انبیا کا ان کے پیچھے صف بنانا نعت ہے
فتحِ مکہ نعت ہے، ہجرت کا لمحہ نعت ہے
ان کی صلح و آشتی کا ہر طریقہ نعت ہے
چھوٹی چھوٹی بچیوں کا دف بجانا نعت ہے
حضرتِ ایوب کے گھر پر ٹھہرنا نعت ہے
بدر کے میدان میں ان کا اترنا نعت ہے
غزوہِ خندق میں ان کا شعر پڑھنا نعت ہے
زخم کھا کر مسکرانا، رحم کرنا نعت ہے
دشمنوں کو معاف کرنا، صبر کرنا نعت ہے
قول و فعلِ مصطفیٰ کا ہر ترانہ نعت ہے
ان کے اخلاقِ کریمانہ کا جلوہ نعت ہے
حضرتِ بی بی خدیجہ کی سخاوت نعت ہے
خانہِ سرکار کی ہر زیب و زینت نعت ہے
ان کے جملہ جاں نثاروں کی ثناگوئی بھی نعت
حضرتِ حسان و جامی کی نواسنجی بھی نعت
نعت کے عنوان میں ہے آگہی کا بانکپن
نعت کا ہر لفظ ہے تقدیس کا اک پیرہن
احسنِ بے دام ہے نعتِ نبی سے مالا مال
طرزِ حسان و رضا کی پیروی میں ہے کمال
توفیق احسن برکاتی
10/ جنوری 2023ء