انھیں کا ذکرِ حسیں پوری کائنات میں ہے
وہ بے مثال نبی ﷺ ہیں یہ واقعات میں ہے
وہ بات کیسے ملے گی کسی خزانے میں
جو بات شاہ دوعالم کی پیاری بات میں ہے
رکھا ہے جنکے سروں پر نبی نے دستِ کرم
وہی بتائیں گے کیا راز __التفات میں ہے
نبی سے پیار کا مطلب ہے مر کے بھی جینا
جو ان کا ہو کے رہا اب بھی باقیات میں ہے
کوئی بھی ان سا جہاں میں نہ اب تلک آیا
ہر ایک خوبی شہِ دیں کی پیاری ذات میں ہے
ہے کامیاب مِرے مصطفیٰ ﷺ کا شیدائی
"یہ بات برسوں سے میرے مشاہدات میں ہے”
شہِ امم ﷺ نے دِکھایا ہے کر کے اے نَؔیَّر
بھلائی پنہاں حسیں تر معاملات میں ہے
نَؔیَّر جونپوری