یہ دھوپ، چاند، ستارے، ہوا، گھٹا، بارش
ظہورِ حق کی دلیلیں ہیں جابجا، بارش!
عجب لطیف سا منظر ہے میرے خوابوں کا
کہ تیری یاد ہے، میں ہوں، ذرا ذرا بارش
سیاہ فام کے دھانوں کی خشک فصلوں پر
عرق صباحتِ طلعت کا ہو عطا بارش!
یہ کشتِ کیف مِری جس سے لہلہا اُٹّھے
پتہ اُس ابرِ گُہر بار کا بتا، بارش!!
تو ایک اوس کا قطرہ، میں سربسر پیاسا
مری یہ تشنہ لبی دیکھ، جا کے لا بارش!
ہر ایک شے کو برابر ہو اس سے سیرابی
تو اپنے مظرفِ ہستی کو یوں بنا بارش
ہماری فردِ خطا کے نقوش دُھل جائیں
اگر وہ بھیج دے بخشش کی بے بہا بارش
یہ سوچ کر ہی میں اندر سے بھیگ جاتا ہوں
کہ لے کے ڈوب نہ جائے مکاں مِرا، بارش
(یہ دھوپ، چاند، ستارے، ہوا، گھٹا، بارش)
(ظہورِ حق کی دلیلیں ہیں جابجا، بارش!)
This Post Has One Comment
Pingback: دل کا دل تک اثر گیا ہوگا ؟ - Global Urdu